تلنگانہ عوام کی اُمیدوں اور خواہشات کی تکمیل کا اعادہ

جگتیال 22 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دیہی ترقی اور عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے ہی ریاستی حکومت کی جانب سے ہمارا ضلع ہمارا منصوبہ ہمارا منڈل ہمارا منصوبہ ہمارا وارڈ ہمارا منصوبہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر فینانس و سیول سپلائز مسٹر ایٹالہ راجندر نے آج بحیثیت وزیر جگتیال کا پہلا دورہ کرتے ہوئے ایم ای او آفس میں ہمارا منڈل ہمارا منصوبہ پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اُنھوں نے کہاکہ دیہی ترقی و آزادی کے لئے ڈاکٹر امبیڈکر اور بابائے قوم گاندھی جی نے منصوبہ بنایا تھا لیکن ان کے خوابوں کی تعبیر نہ ہوسکی جس کو پورا کرنے کے مقصد سے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اس پروگرام کو ترتیب دیا ہے۔ وہیں عوام کے کئی ایک مسائل ہیں۔ دیگر علاقہ کے حکمرانوں کے اقتدار میں ہم نے عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے جدوجہد کی ہے۔ ریاست میں اب ہم خود ہی اقتدار میں ہم ہر چیز سے واقف ہیں اس کی یکسوئی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ پانچ سالہ منصوبہ بناتے ہوئے ہر سال ایک مسئلہ کو مرحلہ وار اقدامات کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کا اہم مقصد نئی ریاست کی ترقی اور دیہی غریب مستحق عوام تک رسائی ہے تاکہ بے گھر غریب مستحق کو گھر ملے اور راشن کارڈ وغیرہ جس کے لئے حکومت نے 18 چیزوں کو ترتیب دیا ہے۔ دیہی عوام کی ترقی کیلئے وارڈ ممبر سے لے کر ایم پی ٹی سی، سرپنچ وغیرہ مستحقین کی نشاندہی کرتے ہوئے ہر مستحق کو اس سے مستفید کیا جائے تو غریبوں کا فائدہ ہوگا اور غریبی دور ہوگئی۔ ریاستی حکومت نے انتخابات میں جو وعدے کئے تھے اور عوام نے نئے تلنگانہ ریاست کے قیام سے جو اُمیدیں رکھی تھیں وہ سب کچھ عمل میں آئے گی جس کے لئے کچھ وقت درکار ہے۔

45 دنوں میں ریاستی حکومت کئی ایک اقدامات کررہی ہے۔ کسانوں کے ایک لاکھ روپیوں تک کے قرض معافی کا کام جاری ہے۔ ریاست میں سب سے اہم مسئلہ برقی کا ہے۔ پڑوسی ریاست چھتیس گڑھ سے خریداری کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست کا پہلا بجٹ عوام کیلئے اطمینان بخش ہوگا اور حکومت کا اہم مقصد بدعنوانیوں کا خاتمہ ہے اور ریاست کو ایک مثالی ریاست بنانا ہے۔ پراجکٹس کی تعمیر اور شجرکاری وغیرہ کیلئے اقدامات اور برقی سب اسٹیشن کا قیام ، برقی پولس اور دیگر کاموں کو تیزی انجام دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے دیہی عوام کی ترقی کیلئے جاری دس روزہ پروگرام بڑی کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے جس کے بعد اس کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور صد فیصد اس کو پورا کیا جائے گا۔ خواتین کیلئے آئی کے پی سنٹرس قائم کئے گئے لیکن بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ برقی سربراہی اور بیت الخلاء باتھ رومس نہیں ہیں اور دھان رکھنے کا مسئلہ ہے۔ 500 میٹرک ٹن دھان کے اسٹور اور آئی کے پی سنٹر پر بیت الخلاء برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے لئے جاریہ مہینے کے اواخر دو تا تین منڈل میں کام کئے جائیں گے اور روزگار کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ بعدازاں اُنھوں نے صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ جگتیال میں ریت کا مسئلہ ہے جہاں پر ندی نہیں ہے جس کی وجہ سے ریت کیلئے کافی مشکلات ہے۔ ٹریکٹرس کے ذریعہ ریت منتقل کی جاتی ہے۔