سنگاریڈی /2 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پولیس پریڈ گراؤنڈ سنگاریڈی میں ضلع کلکٹر میدک سمیتا سبھروال نے تلنگانہ یوم تاسیس کے موقع پر صبح 8.45 پر قومی ترنگے کی پرچم کشائی کی اور ملک کی 29 ویں ریاست تلنگانہ کا وجود عمل میں آنے کی عوام کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ قدرتی اور معدنی وسائل سے مالامال ریاست ہے ۔ تلنگانہ میں سنگرینی کا کوئلہ بڑے جنگلات ، دریائے کرشنا و گوداوری ، زر خیز اراضیات معتدل موسم ، صنعتوں کے قیام کیلئے بہترین ماحول اور انفراسٹرکچر کی نمایاں سہولت سے لیس ہے ۔ ایک ہزار سال سے زائد کا تاریخی ورثہ مختلف مذاہب و تہذیبوں کا گلدستہ اور اپنی انفرادی زبان و ثقافت تلنگانہ کا اثاثہ ہے ۔ متحدہ طاقت جذبہ ایثار و قربانی کا نمونہ تلنگانہ سماج اور تلنگانہ ریاست کی طاقت ہے ۔ ضلع میدک کے عظیم سپوت شری کے چندر شیکھر راؤ نے آج بحیثیت اولین چیف منسٹر ریاست تلنگانہ کا جائزہ حاصل کیا اور تلنگانہ کی تعمیر نو کا بیڑہ اٹھایا جو ضلع میدک کے عوام کیلئے باعث فخر ہے ۔ پولیس پریڈ گراؤنڈ سنگاریڈی میں یوم تاسیس ریاست تلنگانہ کے جشن کے موقع پر مختلف پروگرامس منعقد کئے گئے ضلع کلکٹر نے پولیس پریڈ کی سلامی پولیس پریڈ گراؤنڈ پر شہیدان تلنگانہ کے ورثہ کو ضلع کلکٹر سمیتا سبھروال نے تہنیت پیش کی ۔ اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھے گئے ۔ ورثہ شہیدان تلنگانہ نے ریاست تلنگانہ کیلئے اپنی قیمتی جانوں کی قربانیاں پیش کرنے والے اپنے افراد خاندان کو یاد کرتے ہوئے اشکبار ہوگئے اور ایک عمر رسیدہ خاتون نے اپنے بیٹے کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے کلکٹر سے ملکر زار و قطار رونے لگی ۔ گذشتہ 14 سال سال کے دوران ضلع میدک میں 47 افراد نے تلنگانہ کیلئے قربانی دی جبکہ 1969 میں ضلع میدک میں پولیس فائرنگ میں تین افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ اس طرح تحریک تلنگانہ میں جملہ 50 سے زائد افراد نے قربانیاں دی پولیس پریڈ گراؤنڈ میں تلنگانہ ثقافت کو جھلکانے والے پروگرامس بشمول بتکما کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ پولیس پریڈ گراؤنڈ پر ضلع کلکٹر کے علاوہ ایم راجندر صدر ٹی این جی اوز ضلع میدک اور ہنمنت چاری نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر شیموشی باجپائی ایس پی ضلع میدک ، ڈاکٹر اے شرتھ ضلع جوائنٹ کلکٹر ، مورتی اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر کے علاوہ اڈیشنل ایس پی اور ڈی ایس پی ، ڈی آر او ، ایم آر او ، آر ڈی او ، ڈی ای او و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ یوم تاسیس ریاست تلنگانہ کے موقع پر یکم جون کی شب سے ہی سنگاریڈی میں سرکاری سطح کے علاوہ مختلف تنظیموں کی جانب سے جشن تلنگانہ کا اہتمام کیا گیا ۔ نٹراج تھیٹر سنگاریڈی کے روبرو تلنگانہ جیاک کی جانب سے تلنگانہ دھوم دھام کلچرل پروگرام منعقد کیا گیا ۔ جس میں رکن اسمبلی سنگاریڈی چنتا پربھاکر کے علاوہ ٹی چیاک قائدین نے شرکت کی اور شب 12 بجے زبردست آتشبازی اور کیک کاٹتے ہوئے تلنگانہ کے وجود میں آنے کی پرجوش مبارکباد کا تبادلہ کیا 2 جون کو بھی دن بھر جشن تلنگانہ کا اہتمام ہوتا رہا ۔ سنگاریڈی میں واقع تمام سرکاری دفاتر کو جشن تلنگانہ کے موقع پر برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا ۔ یوم تاسیس ریاست تلنگانہ کا جشن سماج کے ہر طبقہ کے ہر فرد نے مناکر اس دن کو تاریخی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔