کانگریس یوتھ کمیٹی کے اجلاس سے بودھن میں سابق وزیر سدرشن ریڈی کاخطاب
بودھن۔/6ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ریاستی وزیر و کانگریس پارٹی کے سینئر قائد مسٹر سدرشن ریڈی نے یہاں بوتھ کمیٹی کے عہدیداروں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اپنے انتخابی وعدوں پر عمل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، گزشتہ تین سالوں کے دوران ایک بھی غریب کو رہائشی مکان فراہم نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس دور حکومت میں تلنگانہ عوام کو چوبیس گھنٹے برقی فراہم کرنے کا منصوبہ کانگریس نے تیار کرتے ہوئے سال 2014 تک تمام منصوبوں پر عمل آوری کیلئے کامیاب تجربے کئے گئے تھے بعد ازاں ٹی آر ایس حکومت برسر اقتدار آکر برقی سربراہی کا کارنامہ اپنے سر باندھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ریاستی حکومت نے ہر گھر میں نل کے ذریعہ پینے کا پانی سربراہ کرنے مشن بھگیرتا اسکیم کا آغاز کیا جبکہ ریاست تلنگانہ کے نوے فیصد گھروں میں نلوں کے ذریعہ پانی حاصل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا اسکیمات سوائے عوام کو دھوکہ دے کر گتہ داروں کو فائدہ پہنچانے کے کچھ اور نہیں۔ ریاستی حکومت اپنے تین سالہ دور حکومت میں صرف مذکورہ دو اسکیمات پر عمل آوری کیلئے ہی بے دریغ رقم خرچ کرتے ہوئے ریاست کو ایک لاکھ تیس ہزار کروڑ روپیوں کا مقروض کردیا جبکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں گزشتہ دو دہوں کے درمیان صرف 40 ہزار کروڑ قرض حاصل کیا گیا تھا۔ اس اجلاس سے ضلع صدر طاہر بن ہمدان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کمان کی ہدایت پر ریاست بھر میں بوتھ کمیٹیوں کے انتخابات کا کام جاری ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ریاست تلنگانہ میں کمیٹیوں کے انتخابات کا کام حلقہ اسمبلی بودھن میں سب سے پہلے تکمیل ہوچکا۔ انہوں نے کہا کہ 9 ستمبر کو ریاستی سطح پر حیدرآباد میں بوتھ کمیٹیوں کے عہدیداروں کے تربیتی اجلاس کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ اس اجلاس سے ایم پی پی بودھن گنگا شنکر، ایم پی پی ایڈپلی رجیتا یادو اور دیگر نے بھی مخاطب کیا۔ اس اجلاس میں شیخ محی الدین پاشاہ ، این لنگا ریڈی، گڈگو گنگا دھر، جی پرساد، ظہیر الدین، جانکم پیٹ و دیگر کانگریس پارٹی کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔