آرمور میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح ، ریاستی وزیرمہیندر ریڈی کا خطاب
آرمور۔/8فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ مہیند ر ریڈی چیرمین لیجسلیٹو کونسل سوامی گوڑ کا دورہ آرمور کے موقع پر مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ تفصیلات کے بموجب وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی، چیرمین لیجسلیٹو کونسل سوامی گوڑ رکن اسمبلی آرمور جیون ریڈی کے ہمراہ آرمور پہنچے اور آرمور بس اسٹانڈ پہنچ کر آرمور سے یادگیری گٹہ کیلئے جانے والی ایکسپریس بس کو جھنڈی دکھاکر افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ 25لاکھ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ایکسپریس پلاٹ فارم کا بھی افتتاح انجام دیا اور آرمور بس اسٹانڈ کیلئے سی سی روڈکا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر آر ٹی سی ملازمین کی جانب سے مہمانوں کی شال پوشی کی گئی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومتوں کی کاہلی کی وجہ سے سڑکیں پختہ نہ رہنے سے ہم چھوٹے دیہاتوں میں بسیں صحیح طور پر نہیں چلا پارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر دیہاتوں میں پختہ سڑکیں تعمیر کرنے کی غرض سے پنچایت راج ڈپارٹمنٹ میں 5ہزار کروڑ روپئے مختص کئے ہیں اور بتایا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک میں آر ٹی سی ملازمین کا بھی حصہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ بہت جلد آر ٹی سی ملازمین کو تلنگانہ انکریمنٹ دیا جائے گا۔ اس موقع پر سوامی گوڑ، رکن اسمبلی آرمور جیون ریڈی نے بھی مخاطب کیا۔ اس پروگرام میں آر ٹی سی ریجنل منیجر نظام آباد، راجا مولی، یادی ریڈی، تحصیلدار، ایم پی ڈی او آرمور، میواسپل چیرمین سوائی سنگھ ببلو کے علاوہ سیاسی قائدین نرسیا، باجنا، نارئنا، ملک بابا، محمد عظیم، اکبر علی و دیگر موجود تھے۔