تعلیم کی روشنی سے زندگی تابناک، اخلاق میں بزرگی

کوڑنگل میں نائب مہتمم تعلیمات محبوب نگر وحید نثار کا خطاب

کوڑنگل /16 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نائب مہتمم تعلیمات ضلع محبوب نگر وحید نثار نے مدرسہ تحتانیہ اناث کوڑنگل میں منعقدہ اسکول ڈے تقریب کے موقع پر منعقدہ جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ناخواندگی کے خاتمہ کے لئے کوشاں ہے، ہر فرد کو تعلیم حاصل کرنا ضروری ہے۔ طلبہ و طالبات پر زور دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ بچپن ہی سے محنت اور لگن سے تعلیم کے حصول میں دلچسپی لیں۔ تعلیم کی روشنی سے زندگی تابناک اور مستقبل درخشاں ہوتا ہے۔ انھوں نے مزید انکشاف کیا کہ حکومت کی جانب سے مفلوک الحال طلبہ کی تعلیمی ترقی کے لئے کئی فلاحی اقدامات رو بہ عمل لائے جا رہے ہیں۔ مفت کتب کی سربراہی کے ساتھ ساتھ یونیفارم کی فراہمی اور نوٹ بکس سربراہ کئے جا رہے ہیں۔ موصوف نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم سے انسان کی زندگی میں اجالا ہو جاتا ہے، جب کہ ناخواندہ افراد کی زندگی اندھیروں کے مماثل ہو جاتی ہے۔ آج کے دور میں دنیا کے اندر یورپ اور امریکہ نے جو بے مثال سائنسی اور صنعتی ترقی کی ہے، اس کے پیچھے علم کی قوت ہی کار فرما ہے۔ اس کے برخلاف ایشیا اور افریقہ کے ممالک کی غربت اور پسماندگی کا بڑا سبب علم کی کمی ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی، جب تک اس کے اندر علم کا چرچا نہ ہو۔ علم سے آدمی کی شخصیت نکھرتی ہے، اس کے سیرت و کردار میں حسن پیدا ہوتا ہے اور اس کے اخلاق میں بزرگی پیدا ہوتی ہے۔ بعد ازاں موصوف کے ہاتھوں اسپورٹس مقابلوں میں بہترین مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات کی تقسیم عمل میں آئی۔ دیگر اہم شرکاء میں مسرز وینکٹ رام ریڈی ایم ای او، سرینواس ریڈی ہیڈ ماسٹر، دیگر اساتذہ مسرز عبد الحق، لیاقت علی، وینوگوپال گوڑ، سریتا وغیرہ قابل ذکر ہیں۔