فرخ نگر میں اسکول انتظامیہ کیخلاف طالبہ کے والد کی شکایت پر کارروائی
شاد نگر۔ 14 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شاد نگر ٹاؤن میں واقع ایک خانگی اسکول میں جماعت اول میں زیرتعلیم کمسن اکشیا کو فیس کی عدم ادائیگی پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ تین دن سے اسکول کے باہر دھوپ میں ٹھہرایا جارہا تھا۔ شاد نگر ٹاؤن میں واقع خانگی کاکتیہ ٹیلنٹ اسکول انتظامیہ اور ذمہ دار اساتذہ نے جماعت اول میں زیرتعلیم اکشیا فیس کی عدم ادائیگی پر بطور سزا اسکول کے باہر دھوپ میں ٹھہرایا جارہا تھا۔ اس بات کی اطلاع اکشیا کے والد کمار کو ملنے پر کمار نے اسکول انتظامیہ کے کمسن بچی کے ساتھ کئے گئے رویہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ادا شدہ رقم اسکول انتظامیہ کو جمع کردی۔ اکشیا کے والد کمار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کاکتیہ ٹیلنٹ اسکول انتظامیہ کے رویہ کے خلاف منڈل ایجوکیشن آفیسر شنکر راتھوڑ سے ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری شکایت کی۔ تحریری شکایت موصول ہونے کے ساتھ ہی منڈل ایجوکیشن آفیسر فرخ نگر منڈل شنکر راتھوڑ نے مذکورہ واقعہ کے متعلق کاکتیہ ٹیلنٹ اسکول انتظامیہ سے وضاحت طلب کی اور آج شام تک اسکول انتظامیہ نے منڈل ایجوکیشن آفیسر کو تحریر جواب نہیں دیا۔ اکشیا کے والد کمار نے ایم ای او شنکر راتھوڑ پر زور دیتے ہوئے اسکول انتظامیہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔