تصویرکشی کی بہترین خدمات پر ایوارڈ

عادل آباد 22 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ پولیس میں تصویرکشی کی بہترین خدمات انجام دینے کی بناء مسٹر گرودیو کو ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا ضلع عادل آباد ایس پی مسٹر ترون جوشی نے ایوارڈ سے نوازا جبکہ اس موقع پر عادل آباد رکن لوک سبھا مسٹر جی ناگیش، بوتھ رکن اسمبلی مسٹر راٹھوڑ بابو راؤ، صدرنشین بلدیہ شریمتی آر منیشا کے علاوہ سرکاری و غیر سرکاری عہدیدار بھی موجود تھے۔ مستقر عادل آباد کے پولیس پریڈ گراؤنڈ میں ’’یوم شہیدان پولیس‘‘ کے موقع پر مسٹر گرودیو کو توصیف نامہ اور پانچ ہزار روپیوں کا چیک بھی دیا گیا۔ قبل ازیں ضلع ایس پی ڈاکٹر ترون جوشی نے ایک سال کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں خدمات انجام دینے کے دوران شہید ہونے والے پولیس ملازمین کے ناموں کو پیش کیا۔ بعدازاں شہید پولیس ملازمین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ضلع عادل آباد سے تعلق رکھنے والے شہید پولیس والوں کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنے کا تیقن دیا گیا جبکہ ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا نے شہید پولیس ملازمین کے افراد خاندان کو رہائشی مکانات تعمیر کی غرض سے اراضی، امکنہ جات کی تعمیر، تجارت کی غرض سے بینک کے ذریعہ قرضہ جات فراہم کرنے کا تیقن دیا۔