اگرتلہ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چار اپوزیشن جماعتوں بشمول کانگریس نے تریپورہ چیف الیکٹورل آفیسر آشوتوش جندال کو فوری برخاست کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ ریاست میں لوک سبھا انتخابات کے دوران ان کا رول مشکوک اور جانبدار رہا ہے۔ کانگریس کے ایک وفد نے چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت سے دہلی میں ملاقات کرتے ہوئے جندال کو برخاست کرنے کی اپیل کی، وہیں ترنمول کانگریس، بی جے پی اور تریپورہ پرگتی شیل گرامین کانگریس (TPGC) جو کانگریس سے علیحدہ ہوکر قائم کی گئی ہے، نے بھی یہی مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناء بی جے پی کی تریپورہ یونٹ کے صدر سدھیندرا داس گپتا نے کہا کہ الیکشن میں جندال کے جانبدارانہ رول کی بنیاد پر ان کی برخاستگی کا مطالبہ کیا گیا ہے
اور سی پی آئی (ایم) کی جانب سے مبینہ طور پر انتخابی دھاندلی کے بعد کچھ بوتھوں پر دوبارہ رائے دہی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ تریپورہ میں ترنمول کانگریس کے صدرنشین رتن چکرورتی نے کہا کہ ان کی پارٹی نے بھی جندال کی برخاستگی کا مطالبہ کیا ہے۔ سی پی آئی (ایم) کو جب پتہ چلا کہ اس کے خلاف انتخابی دھاندلیوں کا الزام عائد کیا گیا ہے تو اس نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب حرکتیں عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے کی جارہی ہیں کیونکہ بی جے پی کو اپنی شکست کا یقین ہوچکا ہے۔ اس معاملے کو لے کر بی جے پی اور ٹی جی پی سی 12 مئی کو صبح تا شام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔