ترک تعلیم کرنے والوں کیلئے نیا پروگرام

ممبئی 23 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے آج کہا کہ حکومت جاریہ سال کے ختم تک ایک پروگرام شروع کریگی جس کے تحت ترک تعلیم کرنے والے طلبا دوبارہ تعلیم کی سمت راغب کیا جائیگا ۔ یہ پروگرام ان طلبا کیلئے ہوگا جو معاشی مسائل کی وجہ سے تعلیم ترک کردیتے ہیں۔ سمرتی ایرانی نے یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تعلیم میں مہارت کی ڈگری حاصل کرنے کی بات آتی ہے تو خواتین ‘ قبائلی بچے ‘ درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے بچے اور دوسرے کمزور طبقات جو معاشی طور پر کمزور ہوتے ہیں وہ تعلیم ترک کردیتے ہیں کیونکہ انہیں اپنے لئے روزگار حاصل کرنا ہوتا ہے ۔ سمرتی ایرانی نے کہا کہ خود انہوں نے پیسہ کی کمی کی وجہ سے تعلیم کا سلسلہ ترک کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جو طلبا ریسرچ اسکالرس اور سائینسداں بننے کے اہل ہوتے ہیں ان کیلئے ایک پروگرام شروع کیا گیا ہے اور یہ طلبا ہندوستان کے فنی اداروں میں عروج تک پہونچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ ایک پروگرام نویں سے گیارہویں جماعت تک کے طلبا پر توجہ دی جا رہی ہے لیکن ہم ان طلبا کو منتخب کر رہے ہیں جو ایک دن ریسرچ اسکالر اور سائینسدان بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔