مالڈہ ؍ کولکتہ ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے آج الیکشن کمیشن سے وابستہ دو ارکان عملہ پر اس وقت حملہ کردیا جب وہ موٹر بائیک ریالی کی ویڈیو گرافی کررہے تھے۔ اس واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے حکام کو سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ مالدہ سپرنٹنڈنٹ پولیس روپیش کمار نے بتایا کہ اس واقعہ کے سلسلہ میں دو افراد شیخ کالو اور بپن بہاری مونڈل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے قاعدے کے تحت انتخابی مہم کے دوران بائیک ریالی پر امتناع ہے چنانچہ ترنمول کانگریس کی بائیک ریالی کا انتخابی پینل نے سخت نوٹ لیا اور ضلع انتظامیہ کو اس واقعہ کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ آج کے اس واقعہ کے تعلق سے درج کردہ شکایت کی بنیاد پر گرفتاریاں عمل میں لائی گئی۔ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہیکہ الیکشن کمیشن کے دو ارکان عملہ ریالی کی ویڈیو گرافی کررہے تھے اور جس وقت ریالی خیریتلا پہنچی تو وہاں ہجوم نے ان دونوں کے ساتھ غلط برتاؤ کیا۔ دہلی میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کمیشن نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیا ہے۔