کھنڈوا (مدھیہ پردیش) ۔ 18 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ کا وفد آج کھنڈوا پہنچا تاکہ قبائلی خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی واقعہ کی تحقیقات کی جاسکے ۔ یہ خاتون ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں زیر علاج ہے۔ اراضی کے تنازعہ پر 10 افراد نے اس قبائلی خاتون کے شوہر کی ایماء پر مبینہ طور پر اجتماعی عصمت ریزی کی تھی۔ وفد میں شامل رکن پارلیمنٹ سکھیندو شیکھر رے نے اس واقعہ کو انتہائی غیر انسانی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور صدر ترنمول کانگریس ممتا بنرجی کی ہدایت پر ہم یہاں آئے ہیں اور اس واقعہ کے بارے میں انہیں رپورٹ پیش کریں گے۔ بی جے پی مرکزی ٹیم کے حالیہ دورہ مغربی بنگال کے جواب میں ممتا بنرجی نے پارٹی وفد بی جے پی زیر اقتدار ریاست کو روانہ کیا ہے۔