ترنمول کانگریس رکن اسمبلی کا اسمبلی کے روبرو احتجاج

کولکتہ ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کیلئے آج ایک پریشانی کھڑی ہوگئی جبکہ خود پارٹی کے رکن اسمبلی سوپن کانتی بھوش نے مغربی بنگال اسمبلی کے روبرو دھرنا دیا اور ترنمول کانگریس زیراقتدار سوری بلدیہ میں کرپشن کے الزامات عائد کئے۔ پارٹی نے تحقیقات کی تکمیل تک انہیں پارٹی کی رکنیت سے معطل کردیا ہے۔ بھوش نے آج دن میں اسمبلی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی اور دھرنا دیتے ہوئے پینے کے پانی کے پراجکٹ میں جو سوری میں قائم کیا گیا ہے، کرپشن کی شکایت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ ڈھائی سال میں انہوں نے یہ مسائل پارٹی میں داخلی طور پر اٹھائے تھے اور ریاستی وزیر شہری ترقیات فرہاد حکیم اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کو مکتوبات بھی روانہ کئے تھے لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ ان کے مکتوبات کو نظرانداز کردینے پر اور ان کی تحقیر کرنے پر وہ دھرنا دینے پر مجبور ہوگئے۔ رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے معتمد عمومی اور تادیبی کمیٹی کے رکن پارتھا چٹرجی نے اعلان کیا کہ بھوش کو تحقیقات کی تکمیل تک فوری اثر کے ساتھ پارٹی سے معطل کردیا گیا ہے۔