ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کی گرفتاری

سوری ( مغربی بنگال ) ۔ 31 ۔ دسمبر : (سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع بیر بھوم کے مکارا گاؤں میں پر تشدد تصادم میں 3 افراد کی ہلاکت کے سلسلہ میں بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے حامیوں کو آج گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ بی جے پی کے حامی شیخ شہنشاہ کو پروی گاؤں میں اس کے مکان سے گرفتار کرلیا گیا جو کہ ایک ترنمول کانگریس ورکر محمد شیخ کے قتل کا اصل ملزم ہے ۔ پروی پولیس اسٹیشن کے حدود میں مکارا ولیج میں 27 اکٹوبر کو بی جے پی اور ترنمول کانگریس کارکنوں کے درمیان فائرنگ کے باعث 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ جہاں پر امتناعی احکامات نافذ کردئیے گئے ہیں ۔ اس تصادم میں دیگر 2 افراد توصیف شیخ اور سلیمان شیخ ہلاک ہوگئے تھے ۔ جب کہ بی جے پی کے حامی توصیف کے قتل کے الزام میں ترنمول کانگریس ورکر شیخ بشیر کو آج صبح گرفتار کرلیا گیا ۔ بی جے پی لیڈر شیخ صمد کو مزمل اور سلیمان کی ہلاکت کے الزام میں 25 دسمبر کو گرفتار کرلیا گیا تھا ۔