جنرل سیکریٹری سی پی آئی ایم کا الزام ، زدوکوب کے ذریعہ ہلاکتیں اسی کا نتیجہ
کولکتہ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جنرل سیکریٹری سی پی آئی ایم سیتا رام یچوری نے آج دومردوں کی جلپائی گوڑی ضلع میں زدوکوب کے ذریعہ ہلاک کردیئے جانے کی مذمت کی۔ ان افراد کو گائے پک اَپ ویان میں لے جانے کے الزام میں عوام کے ہجوم نے زدوکوب کیا تھا۔ جنرل سیکریٹری سی پی آئی ایم سیتا رام یچوری نے الزام عائد کیا کہ ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان فرقہ پرستی کی مسابقت جاری ہے اور ایسے واقعات اسی کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے حکومت مغربی بنگال کے فیصلہ کو کہ دُرگا کی مورتیاں نمرجن کرنے کی یکم اکتوبر کو جس دن محرم ہے اجازت نہیں دی جائے گی، سخت مذمت کی۔ سیتا رام یچوری نے کہا کہ وہ تصور بھی نہیں کرسکتے کہ بنگال میں زدوکوب کے ذریعہ ہلاکتوں کے واقعات پیش آئیں گے۔ ایسے واقعات کے حقیقت میں پیش آنے کو دیکھنا انتہائی دردناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فرقہ پرستی کے مقابلے کا نتیجہ ہے جس پر ترنمول کانگریس اور بی جے پی ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں سیاسی پارٹیاں فرقہ وارانہ بنیادوں پر صف آرائی کی خواہاں ہیں۔ سیتا رام یچوری ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس اقلیتوں کی خوشامد کی سیاست میں مصروف ہے اور بی جے پی کوشش کررہی ہے کہ اکثریت کی فرقہ پرستی کو بھڑکایا جاسکے۔ دونوں سیاسی پارٹیاں ایک دوسرے کے فروغ میں مددگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ جو اتوار کے دن پیش آیا جس میں ایک ہجوم نے مبینہ طور پر دو افراد کو ان کی پک اَپ ویان سے کھینچ کر باہر نکالا جس میں وہ گائیوں کو منتقل کررہے تھے۔ یہ واقعہ دیہات برہموریا میں پیش آیا۔ تین افراد کو ایک دن بعد اس واقعہ کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا۔یکم اکتوبر کو درگا نمرجن کی محرم کی بناء پر اجازت نہ دینے کے فیصلہ کو انہوں نے حکومت کی دخل اندازی اور تعصب برتنے کا عمل قرار دیا۔