کولکتہ 9 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول کانگریس نے آج سی بی آئی کو اپنے اکاؤنٹس دستاویزات پیش کردئے ۔ تین دن قبل سی بی آئی نے ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے پارٹی اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی تھیں۔ ترنمول کانگریس کے لیڈر تپاس رائے نے یہ دستاویزات پیش کرنے کے بعد کہا کہ پارٹی کی ہدایت پر ہم نے دستاویزات سی بی آئی کو پیش کردئے ہیں۔ سی بی آئی کی اسپیشل کرائم برانچ نے جو پونزی اسکام کی تحقیقات کر رہی ہے ٹی ایم سی کے جنرل سکریٹری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اکاؤًنٹس کی تفصیلات پیش کرنے کو کہا تھا ۔ سی بی آئی کے ذرائع نے کہا کہ یہ نوٹس پارٹی جنرل سکریٹری سبراتا بخشی کو جاری کی گئی تھی جو فی الحال پارٹی کے کل ہند جنرل سکریٹری ہیں۔ ایجنسی نے اپنی نوٹس میں پارٹی سے کہا تھا کہ وہ اسے ملنے والے عطیات ‘ آمدنی اور خرچ کی تفصیلات سے ایجنسی کو مطلع کرے۔