ترلوک پوری میں کرن بیدی کے جلسہ عام پر عوام کا نیم گرم ردعمل

نئی دہلی۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)بی جے پی کی وزارتِ اعلیٰ کی امیدوار کرن بیدی کو ترلوک پوری میں اپنے پہلے جلسہ عام میں نیم گرم ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں یہاں پر پرتشدد تصادم کے واقعات ہوئے تھے۔ صرف چند افراد ابتداء میں اپنے گھروں سے باہر آئے۔ بعض خاندان نے اپنے دروازے اور کھڑکیاں تک بند کر رکھی تھیں جبکہ اس علاقہ کی تنگ گلیوں سے جلوس گزر رہا تھا۔ بتدریج عوام گھروں سے باہر آنا شروع ہوئے جبکہ کرن بیدی نے ترلوک پوری کی تنگ گلیوں کا دورہ کرنا پسند کیا ۔ بعض حضرات نے انہیں پھول اور ہار بھی پیش کئے۔ بی جے پی کی وزارتِ اعلیٰ کی امیدوار کے گلے میں شدید انفیکشن ہے۔ انہوں نے اظہار خیال کیلئے اشاروں کی زبان استعمال کی۔ کرن بیدی کے ساتھ بی جے پی کے امیدوار کرن وید بھی تھیں جو سنیل وید کی بیوی ہیں جن کا گزشتہ ماہ برین ہیمبرج سے انتقال ہوا تھا۔ مقامی شہریوں نے پانی کی سربراہی کے ناقص انتظام اور برقی انقطاع کی شکایت کی اور کہا کہ اس علاقہ کی خواتین کو تحفظ کی سخت ضرورت ہے۔