امیٹھی: 28 فروری(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو دعوی کیا کہ دہائیوں سے پچھڑے پن کا شکار ترقی کی دوڑ میں کوسوں دور ہوچکے امیٹھی کو ترقی کی نئی رفتار دی جائے گی۔وزیر اعظم مودی کے تین مارچ کو متوقع دورے کا جائزہ لینے کے بعد یہاں پہنچے مسٹر یوگی نے صحافیوں سے کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی کا پارلیمانی حلقہ ہونے کے بعد امیٹھی دہائیوں سے پچھڑے پن کا شکار ہے ۔ اس کی وجہ سیاسی عدم دلچسپی ہے لیکن گذشتہ ڈیڑھ سالوں میں یہاں ترقی کی رفتار کافی تیز ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی امیٹھی تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کے راستے پر گامزن دکھائی دے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی تین مارچ کو یہاں آئیں گے اور ضلع سے منسلک پروجکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیادرکھیں گے ۔ روس کے ساتھ مل کر یہاں جدید ورژن کے اے کے 47 بنانے کی فیکٹری کا بھی سنگ بنیا رکھیں گے جس کا آغاز وزیر اعظم کریں گے ۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر یوگی آدتیہ ناتھ تین مارچ کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کی تیاری کا جائزہ لیا۔