غازی پور 25اپریل(سیاست ڈاٹ کام ) بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے سربراہ امیت شاہ نے کانگریس، بی ایس پی۔ ایس پی پر دہشت گردوں کے ساتھ نرم گوشہ رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ ملک کی ترقی کے ساتھ اس کی سیکورٹی سب سے اہم ہے ۔مسٹر شاہ نے یہاں پارٹی کے سینئر لیڈر و مرکزی وزیر منوج سنہا کے نامزدگی سے قبل عوامی ریلی سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مسٹر سنہا کی کوششوں سے پروانچل ترقی کی راستے پر گامزن ہے ۔ ترقی سے محروم غازی پور میں چوطرفہ ترقی ہوئی۔ انہوں نے کسانوں اور غریبوں کو ملے فوائد کا تفصیل سے تذکرہ کیا۔بی جے پی صدر نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کے میعاد کار میں دہشت گرد ہندوستان میں گھس کر حملہ کرتے تھے اور جوانوں کے سر کاٹ کے لے جاتے تھے لیکن وزیر اعظم مودی کی حکومت نے اس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انہیں کے گھر میں گھس کر ان کا منھ توڑ جواب دیا۔ اری کے بعد سرجیکل اسٹرائیک اور پلوامہ کے بعد ائیراسٹرائیک کر کے مودی حکومت نے اپنے شہید جوانوں کا بدلہ لیا۔