مشن بھگیرتا کے کاموں کوجلد مکمل کرنے عہدیداروں کو کلکٹر سنگاریڈی کی ہدایت
سنگاریڈی۔/28مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر سنگاریڈی وی وینکٹیشورلو نے آج اچانک سنگاریڈی کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے مشن بھگیرتا، ایم ایل اے کیمپ آفس، ای وی ایم گودام، سرکاری دواخانہ کے آئی سی یو اور جنرل وارڈس کا معائنہ کیا۔ ضلع کلکٹر نے مشن بھگیرتا عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع سنگاریڈی کے تمام بلدیات میں جاری مشن بھگیرتا کے کاموں میں سرعت پیدا کرتے ہوئے وقت مقررہ میں مکمل کریں۔ مشن بھگیرتا کے کاموں کیلئے او ڈی ایف کالونی میں ( ای ایل ایس آر ) کی تعمیر کیلئے اراضی کی نشاندہی کرنے کیلئے تحصیلدار سنگاریڈی وجئے کمار کو ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر وینکٹیشورلو نے سرکاری دواخانہ سنگاریڈی کے آئی سی یو اور جنرل وارڈس کا معائنہ کیا اور آئی سی یو رجسٹر کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور مریضوں سے راست بات چیت کرتے ہوئے محکمہ صحت کے عملے کی کارکردگی اور مریضوں سے بہتر انداز میں پیش آرہے ہیں یا نہیں اس کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت غریب عوام کو معیاری علاج معالجہ کیلئے سرکاری دواخانوں کو کارپوریٹ طرز پر ترقی دینے کیلئے کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے جدید ٹکنالوجی سے لیس عصری سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیدار بالخصوص ڈاکٹرس کو چاہیئے کہ وہ سرکاری دواخانوں کو پہنچنے والے غریب مریضوں کے ساتھ بہتر حسن سلوک سے پیش آتے ہوئے اہیں معیاری علاج کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور کہا کہ سرکاری دواخانہ سنگاریڈی میں موجود بلڈ اسٹوریج میں ہمہ وقت تمام گروپس کے خون دستیاب رکھیں تاکہ غریب عوام بآسانی اس سے استفادہ کرسکیں۔ ضلع کلکٹر نے ایم ایل اے کیمپ آفس سنگاریڈی کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تعمیری کاموں میں معیار کو برقرار رکھیں اور وقت مقررہ پر تعمیری کاموں کی تکمیل کریں ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کے ہمراہ آر ڈی او سنگاریڈی سرینواس ریڈی، تحصیلدار وجئے کمار، مشن بھگیرتا ڈی ای یادیا، آر ایم او سنگاریڈی سرکاری دواخانہ ڈاکٹر سنگاریڈی موجود تھے۔