یلاریڈی ۔ 2 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے مالتمیدہ تخم سنٹر میں اس سال خریف کی کاشت پر سوالیہ نشان ہے ۔ موسم برسات کے آغاز ہو کر دو ماہ کا طویل عرصہ گذرنے کے بعد بھی بارش اطمینان بخش نہ ہونے سے تخم سنٹر بھی خشک ہونے کے درپر ہے ۔ سنٹر کیلئے پوچارم پراجکٹ کی بڑی کنال سے آب سربراہی ہوتی ہے لیکن اس سال پراجکٹ کی سطح آب میں اضافہ نہ ہونے سے خریف سیزن صفر کے برابر ہے ۔ جبکہ سنٹر کے عملہ 50 ایکڑ پر کاشت کی تیاری کرچکے ہیں اور لاکھ روپئے تک صرف کئے جاچکے ہیں مگر کوئی اُمید نظر نہیں آئی ۔ اس مالتمیدہ تخم سنٹر کا دارومدار پوچارم پراجکٹ پر منحصر کرتا ہے جس سے بڑی کنال کے ذریعہ باؤلی میں ذخیرہ کیا جاتا ہے ۔ جہاں سے دو HP 30 برقی موٹروں کے ذریعہ فصلوں کو آب سربراہ کیا جاتا ہے ۔ فی الوقت پراجکٹ 9.5 فیٹ آبی ذخیرہ موجود ہے جو پراجکٹ حدود کی فصلوں کیلئے ناکافی ہے ۔ تخم سنٹر کی تمام اراضی جو ذرخیز کہلاتی تھی اب بنجر بنی ہے ۔ اگر کہیں کہیں سنٹر پر کاشت کرنا بھی ہو تو مزدوروں کی تعداد بڑھاکر کسی قدر کی جاسکتی ہے وہ مطمئن بخش ہونے کی اُمید نہیں ۔ خریف سیزن کیلئے 50 ایکڑ فصلیں کاشت کرنے کی رپورٹ تیار کی گئی جس کیلئے تخم کی افزائش بھی ہورہی ہے لیکن پراجکٹ آب سے لبریز نہ ہونے سے یہ اُمید ٹوٹنے کو ہے ۔ اس تعلق سے اعلی عہدیداروں کو اطلاع کردی گئی ہے ۔ تخم سنٹر مینجر سیدلور نے بتایا کہ اعلی عہدیداروں کے مطابق ہی آگے قدم اُٹھایا جائے گا ۔ کچھ بھی ہو اس سال بارش نے سب کے اوسان خطا کر رکھے ہیں ۔