تحریک عدم اعتماد کیلئے تلگودیشم کا غیربی جے پی جماعتوں سے ربط

ترنمول کانگریس، بیجو جنتادل، جنتادل (ایس)، ایس پی، بی ایس پی و دیگر سے حمایت جٹانے کی کوشش
نئی دہلی16جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آندھراپردیش کو خصوصی درجہ نہیں دے ئے جانے اور دیگر مطالبات کو پورا نہیں کرنے سے ناخوش تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) نے آئندہ مانسون اجلاس میں مرکزی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کے معاملہ میں غیربی جے پی اور غیرکانگریسی جماعتوں سے حمایت حاصل کرنے کیلئے رابطہ کرنا شروع کردیا ہے ۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ٹی ڈی پی کے ارکین پارلیمنٹ نے چھ علیحدہ علیحدہ گروپ بنائے ہیں اور انہوں نے ترنمول کانگریس، بیجو جنتادل، اکالی دل، جنتادل (سیکولر) سماج وادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی، جنتادل (یونائیٹڈ) ، راشٹریہ جنتادل ، لوک جن شکتی پارٹی، اے آئی ایم آئی این، کیرالہ کانگریس، انڈین نیشنل لوک دل، راشٹریہ لوک دل، سکم ڈیموکریٹک فرنٹ اور دیگر جماعتوں سے مرکزی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کے معاملہ پر حمایت حاصل کرنے کی تیاری شروع کردی ہے ۔ٹی دی پی کے اراکین پارلیمان نے حالانکہ گزشتہ اجلاس میں بھی اس سمت میں کوشش کی تھی لیکن کافی تعداد نہیں ہونے اور لوک سبھا میں تعطل پیدا ہونے کی وجہ سے پارٹی اس میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ٹی ڈی پی کے سربراہ اور اے پی چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے ان تمام جماعتوں کے لیڈروں کو تحریر کردہ خط میں کانگریس کی قیادت والی گزشتہ یوپی اے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ اس نے آندھراپردیش کی تقسیم میں سائنٹفک نظریہ اختیار نہیں کیا۔