’’تحریک عدم اعتماد : مودی فرانس ، راہول کروشیا ‘‘

’’مودی نے تحریک جیتی ، راہول نے دِل جیت لیا ‘‘: شیوسینا
ممبئی۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے تحریک عدم اعتماد کا حالیہ فیفا ورلڈ کپ سے دلچسپ انداز میں تقابل کرتے ہوئے آج کہا کہ ’’وزیراعظم نریندر مودی اگرچہ فرانس کی طرح فاتح کی حیثیت سے اُبھر سکے ہیں لیکن کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی بھی ’رنراَپ‘ کروشیا کی طرح کئی مداحوں کے دِل جیت چکے ہیں۔ شیوسینا کے ترجمان سنجے راوت نے کہا کہ ’’فٹبال کپ میں فرانس نے (خطاب) جیت لیا، لیکن کروشیا کو اس کے کھیل کے انداز کی بدولت یاد رکھا جائے گا اور راہول نے بھی اسی انداز میں کام کیا ہے۔ جب کوئی اس قسم کی سیاست کھیلنا ہے تو وہ چار پانچ قدم آگے بڑھ جاتا ہے‘‘۔ مودی سے راہول کے بغلگیر ہونے کے بارے میں ایک سوال پر راوت نے جواب دیا کہ اس قسم کا انداز اور جذبہ محض توجہ راغب کرنے کیلئے اختیار کیا جاتا ہے اور اگر راہول نے مودی کو دھکے دینے کے لئے یہ کہا تھا تو سمجھو وہ (راہول) کامیاب ہوگئے ہیں۔ سینا کے لیڈر نے مزید کہا کہ ’’مودی کی تقریر ایک وزیراعظم کے خطاب جیسی تھی۔ مودی جی، مودی جی ہی ہیں، کسی دوسرے سے ان کا تقابل کرنا درست نہ ہوگا‘‘۔