تحریک اعتماد کی صورت میں این سی پی غیرحاضر رہیگی

ممبئی۔ 27 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا اسمبلی میں بی جے پی زیرقیادت اقلیتی حکومت اگر اعتماد کا ووٹ حاصل کرلے تو ایسی صورت میں این سی پی رائے دہی سے غیرحاضر رہے گی۔ پارٹی ترجمان نواب ملک نے کہا کہ اگر شیوسینا حکومت میں شامل ہوتی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ ہم حکومت کا حصہ نہیں ہوں گے لیکن اقلیتی حکومت کے خلاف رائے دہی کے ذریعہ عدم استحکام پیدا کرنا نہیں چاہتے چنانچہ این سی پی رائے دہی کی صورت میں غیرحاضر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ این سی پی عوامی رائے کا احترام کرتی ہے جس نے بی جے پی کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا اور وہ واحد سب سے بڑی جماعت ہے۔ 288 رکنی ایوان میں 7 آزاد اور 5 چھوٹی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان بی جے پی حکومت کی تائید کررہے ہیں چنانچہ رائے دہی کی صورت میں اسے 134 ارکان کی حمایت حاصل رہے گی اور سادہ اکثریت کے لئے 10 ارکان کی تائید درکار ہوگی۔این سی پی سربراہ شرد پوار نے حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر ایسی صورتِ حال پیدا ہوجائے جہاں اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کیلئے رائے دہی ضروری ہو تو ہم غیرحاضر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کچھ اس طرح ہیں کہ ہمیں غیرحاضر رہنا ضروری ہے۔ بصورت دیگر مہاراشٹرا میں کوئی حکومت نہیں ہوگی اور اندرون چھ ماہ دوبارہ انتخابات ہوں گے۔