عادل آباد میں تبلیغی اجتماع کا اختتام، مفتی ابوبکر اور دیگر کا خطاب
عادل آباد /4 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مفتی ابوبکر حیدرآباد کی رقت انگیز دعا کے ساتھ دو روزہ تبلیغی جماعت کے اجتماع کا اختتام عمل میں آیا۔ دعا کے موقع پر مستقر عادل آباد کی جامع مسجد کے دونوں حصے عوام کی موجودگی کی بنا پر اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کر رہے تھے۔ مسجد کے باہر سڑکوں پر بھی عوام دھوپ میں ٹھہرے ہوئے اپنے ہاتھ اٹھاکر دعا میں مشغول دیکھے گئے۔ قبل ازیں مولانا نے اپنے بیان میں دین کا کام کرنے ہر مسلمان کی ذمہ داری قرار دیا۔ انکنٹا روڈ پر 36 ایکڑ اراضی پر گزشتہ ایک ماہ سے اجتماع کی تیاریاں جاری تھیں، اجتماع کے پہلے دن نماز عشاء کے موقع پر موسم کی تبدیلی نے سارا ماحول بکھیر دیا تھا۔ طوفانی ہواؤں، گرجدار بجلی کی چمک اور تیز بارش نے تقریباً پندرہ ہزار افراد کے لئے نصب کردہ پنڈال ناکارہ ہوکر رہ گیا تھا۔ زرعی اراضی بارش کی وجہ سے ناقابل استعمال ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے تبلیغی جماعت کے ذمہ داروں نے مشورہ کرتے ہوئے غیر مقامی افراد کو اجتماع گاہ کے قریب موجود ایک بڑے ہال میں ٹھہرانے کے علاوہ جامع مسجد، مسجد گلزار شریف، مسجد محمدیہ اور خانہ پور محلہ کی چار مساجد میں منتقل کردیا۔ دو روزہ اجتماع کو مختصر کرتے ہوئے دوپہر بارہ بجے جامع مسجد میں دعا کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اجتماع کے موقع پر مقامی و غیر مقامی افراد کی شادیوں کا نظم بھی رکھا گیا تھا، جس میں تبدیلی لاتے ہوئے بعد نماز عصر جامع مسجد میں شادی رسم انجام دی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر زائد از ایک درجن شادیاں ہوں گی، جن میں مسجد فردوس کے امام و خطیب مولانا محمد سراج الدین کی دختر کی شادی بھی انجام دی جائے گی۔ تبلغی جماعت کے اس سالانہ اجتماع میں ضلع عادل آباد کے بیشتر مقامات اور پڑوسی اضلاع کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس اجتماع میں 20 ہزار افراد کی شرکت کو یقینی تصور کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے گئے تھے۔