کرنول میں عرس تقریب سے مولانا سید شاہ خلیل اللہ قادری کا خطاب
کرنول /26 مارچ ( فیاکس ) تبلیغ دین میں اولیاء اللہ کا اہم کردار رہا ہے ۔ اولیاء اللہ خدا کے قریبی بندے ہوا کرتے ہیں ، اولیاء پر اللہ کی خصوصی رحمتیں نازل ہوتی ہیں ۔ ان خیالات کااظہار مولانا سید شاہ خلیل اللہ قادری نے کیا ۔ نبیرہ حضرت سید شاہ اسحق ثناء اللہ قادریؒ ( روضہ درگاہ شریف ) حضرت سید شاہ فقیر پاشاہ قادریؒ کے عرس تقاریب منعقد کئے گئے ۔ سجادہ نشین درگاہ گنگاوتی کرناٹک مولانا سید شاہ خلیل اللہ قادری مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک رہے ۔ انہوں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء کی بتائی ہوئی باتوں کو اپنانے سے دین کی اشاعت میں آسانی ہوگی ۔ اولیاء نے دین کی اشاعت میں کافی اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فقیر پاشاہ قادریؓ نے ہندوستان کی طرف عزم سفر باندھا ، بعد میں کرنول آئے ان کا مقصد صرف اور صرف دین کی اشاعت ہے ۔ کوئی دنیاوی اغراض مقاصد نہیں تھے ۔ حضرت سے سینکڑوں لوگوں نے ایمان کی تشنگی کو دور کرلیا ، ہم کو چاہئے کہ اولیاء کا احترام کریں ۔ جلوس صندل بعد نماز مغرب سجادہ نشین سید شاہ انور باشاہ قادری کے مکان سے برآمد ہوکر فقراء کے جلوس کے ساتھ ضرب و کمالات پیش کرتے ہوئے بارگاہ اسحقیہ پہنچا ۔ بعد نماز عشاء صندل مالی چادرگل کی پیشکشی کے بعد سلام بحضور خیرالانام ، شجرہ فاتحہ خوانی کی گئی ۔ بدست سجادہ نشین تبرک تقسیم کیا گیا ۔ دوسرے روز عرس شریف ( چراغاں ) روشن کئے گئے جس میں ہزاروں عاشقان اولیاء نے شرکت فرماکر اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا ۔ تیسرے روز زیارت کے فاتحہ منعقد کئے گئے ۔ تلاوت کلام پاک کے بعد تبرک تقسیم کیا گیا ۔ برادر سجادہ نشین سید شاہ دادا باشاہ قادری نے عرس تقاریب کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا ۔ آخر میں برادر سجادہ نشین سید شاہ دادا باشاہ قادری نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر قاضی سید شاہ جعفر محی الدین قادری المعروف قادری بابا سرگرو سید شاہ غوث پیر قادری ، سید شاہ عابد حسینی چشتی ، سید شاہ نور الحسنی ، سید شاہ نذراللہ قادری کے علاوہ سینکڑوں عاشقان اولیاء شریک رہے ۔