ساؤتھمپٹن 27 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جیمس اینڈرسن اور رویندر جڈیجہ کے مابین ہوئے تکرار کے واقعہ پر ہندوستانی کپتان مہیندر سنگھ دھونی اور ان کے انگلش ہم منصب الیسٹر کک کے ریمارکس کا سخت نوٹ لیا ہے اور اس نے دونوں ہی کپتانوں سے کہا کہ وہ تادیبی طریقہ کار کا احترام کریں۔ دھونی نے اس واقعہ پر جڈیجہ کو دی گئی سزا کو تکلیف دہ قرار دیا تھا ۔ آئی سی سی کے ایک اعلامیہ کے بموجب اس کے چیف ایگزیکیٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ انگلش کپاتن الیسٹر کک اور ہندوستانی کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے اس واقعہ کے تعلق سے سر عام ریمارکس کئے ہیں جو پہلے ٹسٹ میں ٹرینٹ برج میں پیش آیا تھا ۔ بعد میں ان دونوں کی جانب سے آئی سی سی کے تادیبی طریقہ کار کی بھی مذمت کی گئی تھی ۔ آئی سی سی سی ای او نے کہا کہ دونوں ہی کپتانوں کو اس طرح سر عام ریمارکس سے گریز کرکے تادیبی کارروائی کا احترام کرنا چاہئے ۔