ب39 برس کی عمر میں39 چھکے،گیل اپنے مظاہروں سے خوش

جمائیکا ۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )ویسٹ انڈیز کے دھماکہ خیز اوپنر کرس گیل نے مئی ۔ جون میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ سے سبکدوشی کا بھلے ہی اعلان کردیا ہو لیکن اپنے گھر میں کھیلی آخری ونڈے سیریز میں انہوں نے مہمان ٹیم انگلینڈ کی دھجیاں اڑا دیں۔ یہی وجہ ہے کہ کرکٹ کے سبھی ماہرین اب ویسٹ انڈیز ٹیم کو ورلڈ کپ میں دیگر ٹیموں کیلئے خطرہ بتارہے ہیں جبکہ یہ پانچ میچوںکی سیریز 2-2 سے برابر رہی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ کرس گیل نے انگلینڈ کے خلاف پانچ ونڈے میچوں کی چار اننگز میں 39 چھکے لگائے ، جوکہ دوممالک کے درمیان کھیلی گئی اس سیریز میں سب سے زیادہ چھکوںکا عالمی ریکارڈ ہے۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ انگلینڈ کے سبھی بیٹسمینس مل کر بھی صرف 37 چھکے ہی لگاسکے۔ویسٹ انڈیز میں اپنا آخری میچ کھیلنے کے بعدگیل نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کی جرسی پہننا اورمقامی لوگوں کی تفریح کرنا میرے کیلئے اعزاز ہے۔ ویسٹ انڈیز نمبر ایک ہے اور ایک کیریبیائی کرکٹر کے طور پر آپ کیلئے یہ سب سے بڑی حصولیابی ہوسکتی ہے۔ انگلینڈ کے خلاف چھکوں کی بارش کرنے کے بارے میںگیل نے کہا کہ میں نے کیسی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کتنے چھکے لگائے اس کو لے کر میں حیران نہیں ہوں یہ میرا فطری کھیل ہے۔ ٹی 20 کرکٹ میں میں نے کافی چھکے لگائے ہیں۔ ہاں ونڈے میں پہلی مرتبہ سیریز میں میں نے 39 سال کی عمر میں 39 چھکے لگائے ہیں۔