چیف منسٹر کی پیشی کا پی اے ظاہر کرنیوالے دو دھوکہ باز گرفتار
حیدرآباد ۔ /9 مئی (سیاست نیوز) بے روزگار نوجوانوں کو سرکاری ملازمت اور سرکاری ملازمین کو تبادلوں کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے ہڑپنے والے دو دھوکہ باز افراد کو اسپیشل آپریشن ٹیم نے گرفتار کرلیا جن میں ایک خود کو چیف منسٹر کی پیشیکا پی اے ظاہر کرتے ہوئے دھوکہ دے رہا تھا ۔ پولیس کے مطابق 29 سالہ کفایت علی ساکن کاماٹی پورہ 34 سالہ شیخ معین الدین متوطن منڈی بازار ورنگل کو گرفتار کرلیا ۔ یہ بات کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ کفایت علی نے چیف منسٹر کی پیشی میں پی اے ہونے کا جھانسہ دیا تھا اور اس سے متعلق ویزیٹنگ کارڈز بھی پرنٹ کروالئے ۔ اس کے مکان پر باضابطہ نام کی تختی موجود تھی جس پر اس نے اپنے آپ کو سی ایم پیشی کا پی اے ظاہر کیا ۔ اس کے علاوہ کار پر لال بتی ، سائرن اور گاڑی پر سرکاری گاڑی ہونے کی عبارت درج کروائی تھی اور سکیوریٹی کے طور پر خانگی افراد کو رکھ لیا تھا جنہیں سفاری سوٹ استعمال کرنے کیلئے زور دیا کرتا تھا ۔ تاکہ سرکاری ٹھاٹ باٹ دکھے ۔ اس نے ایک سازش تیار کرتے ہوئے منصوبہ بند طریقہ سے بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دیا ۔ اس نے ڈپٹی تحصیلدار کے تقررات سے لیکر اٹنڈر و دیگر جائیدادوں کی الگ الگ قیمت مقرر کرچکا تھا ۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کے تبادلوں کی پیروی کے نام پر بھی یہ لوٹ رہا تھا ۔ اس نے 20 افراد کو دھوکہ دیہی کا شکار بنایا اور کل 70 لاکھ روپئے وصول کرلئے ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے ایک لاکھ نقد رقم تین کاریں ، 2 موٹر سیکل ، کل 20 لاکھ مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا اور گرفتار افراد کو مزید تحقیقات کیلئے ایل بی نگر پولیس کے حوالے کردیا ۔