ملبورن۔27ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی بے بس بولنگ کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے آسٹریلیائی ٹیم نے اپنے نوجوان کپتان کی کریئر میں بہترین 192رنز کی بدولت تیسرے ٹسٹ میں پہلی اننگز میں 530رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر اسمتھ نے اپنے مختصر کریئر کی تاحال سب سے بہترین اننگز کھیلی ہے۔ 305گیندوںپر مشتمل اپنی اننگز کے دوسران اسمتھ نے 15چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ دن کے اختتام پر ہندوستانی ٹیم نے ناقص فام کا شکار شکھر دھون کی وکٹ گنوانے کے بعد 108رنز اسکور کرتے ہوئے ایک بہتر آغاز کیا ہے ۔ دورہ آسٹریلیا میں شاندار مظاہرہ کررہے اوپنر مرلی وجئے نے پھر ایک ناقابل تسخیر نصف سنچری اسکور کرلی ہے ۔ وجئے نے دوسری وکٹ کیلئے چیٹیشور پجارا کے ہمراہ 53رنز کی پارٹنرشپ نبھالی ہے جب کہ ٹیم کے دوسرے ناؤٹ آؤٹ بیٹسمین 69گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 25رنز اسکور کرلئے ہیں ۔
وجئے نے 102گیندوں میں پانچ چوکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 55رنز بنالئے ہیں ۔ ہندوستان کیلئے دھون کے ناقص فام کا سلسلہ آج بھی جاری رہا حالانکہ وہ وجئے کے ہمراہ پہلی وکٹ کیلئے 14اوورس میں 55رنز کی پارٹنرشپ نبھانے میں کامیاب رہے لیکن انفرادی مظاہرہ مایوس کن رہا ۔ زخموں سے صحت یاب ہوکر ٹیم میں واپسی کرنے والے ریان ہاریس نے انہیں سلپ میں کپتان اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا ۔ دھون نے 51گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکوں کی مدد سے 28رنز بنائے ۔ ہاریس نے 7اوورس میں 19رنز کے عوض ٹیم کو پہلی کامیابی دلوائی۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے اپنے کل کے اسکور 259/5سے آگے کھیلنا شروع کیا ۔ کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین براڈ ہاڈین آج ناٹ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی رہے ‘ تاہم انہوں نے اپنے ناقص فام کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی ۔ ہاڈین کے خلاف ہندوستانی بولروں کی شاٹ گیندوں کی حکمت عملی ناکام رہی ۔ جیسا کہ انہوں نے ان گیندوں پر تیزی سے رنز بناتے ہوئے 84گیندوں پرمشتمل اپنی اننگز میں 55رنز اسکور کئے جس میں 7چوکے اور ایک چھکا شامل ہے ۔ اسمتھ اور ہاڈین کے درمیان چھٹی وکٹ کیلئے 110رنز کا پارٹنرشپ بنی ۔
ہندوستانی بولروں کو اس سے زیادہ کہیں مشکل اُس وقت ہوئی جب ٹیم میں واپسی کرنے والے ہاریس نے 88گیندوں میں 8چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 74رنز اسکور کرتے ہوئے اسمتھ کے ہمراہ 106رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ دیگر بیٹسمینوں میں جانسن نے 37گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 28رنز اسکور کئے ۔ ہندوستانی بولرس جو سیریز کے دوران خصوصاً آسٹریلیائی ٹیم کی نچلی صف کے بیٹسمینوں کو جلد آؤٹ کرنے میں ناکام ہورہے ہیں اس کا نویں وکٹ کیلئے اسمتھ اور اسپنر نیتھن لیون نے بھی فائدہ اٹھایا ۔ مذکورہ بیٹسمینوں نے نویں وکٹ کیلئے 48رنز اسکور کئے ۔ ہندوستان کیلئے محمد سمیع نے 138رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ اومیش یادو 130 اور روی چندرن اشون 134رنز کے عوض فی کس تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے ۔ بولنگ کا آغاز کرنے والے ایشانت شرما 104رنز دینے کے باوجود وکٹ لینے میں ناکام رہے ۔