بی سی سی آئی کا آج اجلاس، کمبلے کا مسئلہ بھی متوقع موضوع

ممبئی 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کی اسپیشل جنرل میٹنگ کل یہاں منعقد ہوگی۔ جس میں چیف کوچ کی حیثیت سے انیل کمبلے کا استعفیٰ زیربحث آئے گا لیکن اجلاس کے بنیادی ایجنڈہ میں ’ایک ریاست ۔ ایک ووٹ‘‘ اور پانچ رکن سلیکشن کمیٹی کی بازماموری شامل ہے۔ کمبلے کا مسئلہ اس اجلاس کا موضوع نہیں ہے۔ لیکن توقع ہے کہ بعض ارکان کی طرف سے یہ مسئلہ اُٹھایا جائے گا۔ ریاستی یونٹ کے ایک عہدیدار نے پی ٹی آئی سے کہاکہ ’’بعض ارکان، کارگذار سکریٹری امیتابھ چودھری اور سی ای او راہول جوہری سے یہ دریافت کرسکتے ہیں کہ آخر کیا صورتحال تھی جو کوچ کی حیثیت سے کمبلے کی سبکدوشی کا سبب بنی‘‘۔ اس عہدیدار نے مزید کہاکہ ’یہ ضروری نہیں کہ ہر بات ایجنڈہ میں شامل رہے۔ کرسی صدارت کی اجازت سے بعض مسائل اُٹھائے جاسکتے ہیں‘‘۔ باور کیا جاتا ہے کہ تمام ریاستی یونٹس ’ایک ریاست ایک ووٹ‘ کے قاعدہ کے حامی ہیں۔ چنانچہ یہ ادارہ اب جلد نئے ارکان کی شمولیت کے بارے میں کوئی فیصلہ کرسکتا ہے تاکہ ممبئی، ودربھ، سوراشٹر، بڑودہ اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ ہوسکیں۔