بی سی سی آئی مسودۂ دستور کیلئے تجاویز مطلوب : عدالت

نئی دہلی ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج کہا کہ اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشنس اور بی سی سی آئی کے عہدیداران فاضل کرکٹ باڈی کیلئے تیار کئے جانے والے مسودہ دستور کے بارے میں اپنی تجاویز دیں، جسے عدالت کی جانب سے منظور کیا جائے گا۔ چیف جسٹس دیپک مشرا کی زیرقیادت بنچ نے کرکٹ اسوسی ایشن آف بہار کی بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے عہدیداروں کے خلاف دائر کردہ مرافعہ کی یکسوئی بھی کردی جو عدالت کے قبل ازیں جاری کردہ حکمنامہ کی عدم تعمیل سے متعلق ہے۔ عدالت نے بہار کو رانجی ٹرافی میچس کے بشمول نیشنل لیول کے کرکٹ ٹورنمنٹس کھیلنے کی اجازت دی ہے۔ سپریم کورٹ کی بنچ میں جسٹس اے ایم کھانویلکر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ بھی شامل ہیں۔ بنچ نے بی سی سی آئی، کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرس (سی او اے) اور سینئر ایڈوکیٹ گوپال سبرامنیم جو ثالث کا رول ادا کررہے ہیں، ان تمام کے بیانات پر غور کیا کہ بہار کو ستمبر سے شروع ہونے والے کرکٹ سیزن میں قومی سطح کے ٹورنمنٹس میں حصہ لینا چاہئے۔ بنچ نے کہا کہ وہ مسودہ دستور منظور کرے گی جو بی سی سی آئی پر لازم رہے گا۔ تاہم اس نے وضاحت کردی کہ 2016ء کے فیصلہ کو واپس لینے سے متعلق عرضیوں کے بارے میں اس کا حکمنامہ دیگر باتوں کی یکسوئی کردے گا۔