جمائیکا۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے صدر ڈیو کیمرون نے بورڈ آف کرکٹ کنٹرول آف انڈیا ( بی سی سی آئی) پر زور دیا ہے کہ وہ گزشتہ سال ہندوستان کے دورہ کے درمیان ویسٹ انڈیز کی اچانک واپسی سے پیدا شدہ مسئلہ کو باہمی مذاکرات یا فریق ثالث کی مصالحت کے ذریعہ اندرون دو ماہ حل کرلیا جائے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے بھی اس ضمن میں مداخلت کی خواہش کے ساتھ بی سی سی آئی سے درخواست کی کہ اس واقعہ کے نقصانات سے متعلق مسائل پر انہیں (ویسٹ انڈیز کو) عدالتوں میں نہ گھسیٹا جائے۔ ای ایس پی این کرکنفو کے مطابق مسٹر کیمرون نے بی سی سی آ:ی کے سیکریٹری سنجے پٹیل کو گزِشتہ روز ای۔ میل کے ذریعہ یہ تجویز روانہ کی۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی طرف سے دی گئی ایک ہفتہ طویل مہلت کا کل آخری دن تھا۔