بی سی سی آئی اسٹیٹ اسوسی ایشنز کو فنڈز جاری نہ کرے : سپریم کورٹ

نئی دہلی ، 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو جسٹس لوڈھا کمیٹی کی سفارشات کو لاگو کرنے کیلئے گزشتہ روز 24گھنٹے کا الٹی میٹم دینے کے بعد جمعہ کو اس معاملے کی سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کر دی اور ساتھ ہی بورڈ کو اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشنز کو کسی بھی طرح کی رقم مختص کرنے سے روک دیا ہے۔ چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی صدارت والی تین رکنی بنچ نے جمعرات کو بی سی سی آئی کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا کہ وہ لوڈھا کمیٹی کی تمام سفارشات کو لاگو کرے، ورنہ عدالت عظمیٰ کل اپنا حکم جاری کردے گی کہ بورڈ کے عہدیداروں کی جگہ پر انتظامیہ کا پیانل مقرر کریں۔لیکن عدالت عظمیٰ نے اس معاملے میں اب اگلی سماعت کیلئے 17اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ سپریم کورٹ نے ساتھ ہی بی سی سی آئی پر ریاستی اسوسی ایشنز کو فنڈز جاری کرنے سے منع کردیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ مجموعی طور پر 12 اسٹیٹ اسوسی ایشنز کو اس وقت تک کوئی رقم جاری نہ کی جائے جب تک کہ وہ لوڈھا کمیٹی کی سفارشات کو لاگو کرنے کی تجویز منظور نہیں کر لیتے ۔ سپریم کورٹ نے صدر بی سی سی آئی انوراگ ٹھاکر کو لوڈھا کمیٹی کی سفارشات سے متعلق سی او او انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ڈیوو رچرڈسن کے ساتھ ہوئی بات چیت کی تفصیلات کو لے کر نجی حلفنامہ داخل کرنے کو بھی کہا ہے۔ قبل ازیں بورڈ نے ایسا حلفنامہ پیش کرنے سے انکار کیا تھا کہ وہ لودھا کمیٹی سفارشات کی مکمل تعمیل کرے گا۔