بی جے پی ۔ بی جے ڈی خفیہ سودے بازی بے نقاب

بھوبنیشور۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے چیف منسٹر اڈیشہ نوین پٹنائک سے ایم ایم ڈی آر (ترمیمی) بل کی پارلیمنٹ میں ان کی پارٹی کی جانب سے تائید پر اظہار تشکر کے ایک دن بعد کانگریس نے دعویٰ کیا کہ اس سے بی جے پی ۔ بی جے ڈی خفیہ سودے بازی بے نقاب ہوگئی ہے۔ بی جے ڈی اپنے قائدین کو چٹ فنڈ اسکام میں سی بی آئی کی تحقیقات سے بچانا چاہتی ہے۔ بی جے پی۔ بی جے ڈی سودے بازی اب کوئی راز نہیں رہی، کل بے نقاب ہوگئی جب مودی نے نوین پٹنائک کا شکریہ ادا کیا۔ صدر پردیش کانگریس اڈیشہ پرساد ہری چندن نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے ڈی جو ایم ایم ڈی آر (ترمیمی) بل، حصول اراضی بل اور اس سے متعلقہ کوئلہ کی کانوں کے نیلام کی مخالفت کررہی تھی، بی جے پی کے ساتھ سودا طئے ہوجانے کے بعد اپنا موقف برعکس کرچکی ہے اور چٹ فنڈ اسکام میں پارٹی قائدین کو سی بی آئی تحقیقات سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ مودی پر پٹنائک کا شکریہ ادا کی بناء پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ روڑکیلا اسٹیل پلانٹ کی توسیع کو قوم کے نام معنون کرنے کیلئے آئے تھے۔ اس موقع پر انہیں سیاسی بیان نہیں دینا چاہئے تھا ، یہ کوئی سیاسی تقریب نہیں تھی۔