ملک میں بڑھتی فرقہ وارانہ کشیدگی کیلئے بھی ذمہ دار: شنکر اچاریہ
نئی دہلی 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شنکر اچاریہ سروسپانند سرسوتی دوارکا پیتھ نے کہا ہے کہ بی جے پی ۔ آر ایس ایس ہندوازم کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔ ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ کیلئے بھی یہ دونوں ہی ذمہ دار ہیں۔ انھوں نے بی جے پی اور اس کی نظریاتی تنظیم آر ایس ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ زعفرانی تنظیمیں ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہی ہیں۔ ان کی موجودگی ہندوازم کے نظریہ کیلئے بڑا نقصان ہے۔ ’انڈیا ٹوڈے‘ سے بات چیت میں ہندو سنت نے برسراقتدار بی جے پی اور اس کی دائیں بازو والی تنظیم آر ایس ایس کی پالیسیوں کو خطرناک قرار دیا۔ بی جے پی اور آر ایس ایس جو رول ادا کررہی ہیں اس سے حالیہ برسوں میں ہندوازم کو شدید نقصان پہونچا ہے۔ انھوں نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ بھاگوت کا کہنا ہے کہ مسلم شادیاں معاہدہ ہوتیہیں جبکہ ہندو شادیاں تاحیات کئے جانے والے عہد کا اٹوٹ بندھن ہوتی ہیں۔ بھاگوت یہ بھی کہتے ہیں کہ ہندوستان میں پیدا ہونے والا ہر فرد ہندو ہے تو پھر ان لوگوں کو کیا کہیں گے جو انگلینڈ یا امریکہ میں ہندو والدین سے پیدا ہوتے ہیں۔ شنکر اچاریہ نے اس سے پہلے بھی آر ایس ایس کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور اسے ہندوستانی سماج کے بنیادی ڈھانچہ کو تباہ کرنے والی تنظیم قرار دیا تھا۔