ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد فسادات کو ہوا دینے کا اندیشہ : سی پی ایم
نئی دہلی۔ 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے حالیہ ضمنی انتخابات میںبی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کے خراب مظاہرہ کے بعد بی جے پی ۔ آر ایس ایس کی توجہ فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے اوراہم ہندوتوا ایجنڈہ پر مرکوز ہوگئی ہے۔ سی پی آئی ایم نے خبردار کیا کہ بی جے پی اپنی ناکامی کا انتقام لینے کیلئے فرقہ وارانہ فسادات کا سہارا لے گی ۔ 50 اسمبلی حلقوں پر ہوئے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو صرف 18 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔ عام انتخابات میں اس نے ان حلقوں میں غیرمعمولی مظاہرہ کیا تھا۔ سی پی آئی ایم لیڈر سیتا رام یچوری نے پارٹی ترجمان اخبار ’’پیپلز ڈیموکریسی ‘‘ کے اداریہ میں لکھا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس اپنے ناپاک ایجنڈہ کے تحت ملک کے امن کو درہم برہم کرسکتے ہیں۔ سیکولر عوام کو اس سے چوکنا اور چوکس ہوجانا چاہئے ۔