بی جے پی کے عوام دشمن فیصلے کے خلاف تمام جماعتوں کو متحد ہونے کا مشورہ

نظام آباد ۔ 24 جون ۔ ( پریس نوٹ ) قاضی سید ارشد پاشاہ سینئر قائد کانگریس و سابق وائس چیرمین میونسپل کونسل نے کہاکہ بی جے پی کی قیادت میں مرکزی حکومت کی جانب سے ریل کرایہ میں اضافے کا فیصلہ غریب و متوسط عوام کے لئے نقصاندہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ عام انتخابات میں بی جے پی کو ملک کے مفاد پرست سرمایہ کاروں ، صنعت کاروں اور مالیاتی اداروں کا زبردست تعاون حاصل رہا ہے ۔ چنانچہ سارے ملک میں بی جے پی کا پرچم لہرانے ، ریالیوں اور فقیدالمثال جلسوں کے انعقاد میں صنعت کاروں کا اہم رول رہا ہے ۔ اسی طرح الیکٹرانک میڈیا ، پرنٹ میڈیا کے ذریعہ کانگریس کے خلاف پروپگنڈہ بازی کی شاطرانہ چال کا شکار ہوکر عوام نے بی جے پی کو ووٹ دے کر اب حیران پریشان ہیں۔ قاضی سید ارشد پاشاہ نے کہا کہ اب عوام بی جے پی کی تائید کرکے پچھتانے کے بجائے حکومت کے مخالف عوام فیصلوں کے خلاف سخت احتجاج کریں اور اپنے سخت ردعمل کے ذریعہ حکومت کو مخالف عوام فیصلوں سے باز رکھیں۔ بی جے پی حکومت کے عوام دشمن فیصلوں کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں ، سماجی تنظیمیںاور عوامی قائدین ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں کیوں کہ وقت کا یہی تقاضہ ہے ۔