کوتہ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریسی قائد ڈگ وجئے سنگھ نے آج کہاکہ اُن کی پارٹی اپنی پالیسیوں اور فلاحی اسکیموں کی ’’تشہیر‘‘ کے سلسلہ میں بی جے پی کے برعکس بہت کمزور ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ بھگوا پارٹی اپنے کارناموں کو مبالغہ آرائی کے ساتھ پیش کرتی ہے بلکہ ’’دروغ گوئی‘‘ پر اُتر آتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت نے کئی عوامی فلاحی اسکیمیں اور پالیسیاں بنائی ہیں لیکن اُن کی تشہیر سے قاصر رہی۔ جبکہ بی جے پی اِس کام کی ماہر ہے اور اپنے کارناموں کو 10 گنا بڑھا چڑھاکر پیش کرتی ہے۔ 100 بار جھوٹ بولتی ہے اور اُس کو عوام کے سامنے سچائی کے طور پر پیش کرتی ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کے لئے امیدواروں کا انتخاب شروع کردیا ہے اور انتخابی منشور کا ختم فبروری تک اعلان کیا جائے گا۔ اُنھوں نے حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کا لوک سبھا انتخابی نتائج پر منفی اثر مرتب ہونے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ مسائل اور ایجنڈہ برائے اسمبلی و لوک سبھا انتخابات مختلف ہوتے ہیں۔ اُنھوں نے اعتماد ظاہر کیاکہ مرکز میں آئندہ حکومت کانگریس ہی تشکیل دے گی۔
کجریوال کی پریس کانفرنس میں کانگریس رکن اسمبلی کی خلل اندازی
نئی دہلی 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی ایک پریس کانفرنس میں آج کانگریس کے رکن اسمبلی نے 2008 ء کے باٹلہ ہاؤز انکاؤنٹر کی تحقیقات کے لئے ایس آئی ٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے خلل اندازی پیدا کردی۔ اوکھلا کے رکن اسمبلی آصف محمد خان دہلی سکریٹریٹ کی پریس کانفرنس میں داخل ہوگئے اور عام آدمی پارٹی اور کجریوال کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی۔ ایک سوال کے جواب میں کجریوال نے کہاکہ حکومت دہلی انکاؤنٹر کی تحقیقات کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل نہیں دے گی ، اِس کے بعد ہی رکن اسمبلی نے احتجاج کیا۔