بی جے پی کے اعلیٰ سطحی قائدین کا اجلاس، انتخابی حکمت عملی زیرغور

یو پی اے حکومت کی ناکامیوں اور اسکینڈلس کا قراردادوں میں تذکرہ، بی جے پی کے جوابی رپورٹ کارڈ کا اجراء
نئی دہلی ۔ 21 مئی (پی ٹی آئی) اب جبکہ عام انتخابات کیلئے ایک سال سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے، بی جے پی کے اعلیٰ سطحی قائدین نے آج ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی پر غور کیا جس میں حکومت کی ’’ناکامیوں‘‘ اور یو پی اے کے 9 سالہ دوراقتدار کے ’’اسکامس‘‘ کو اجاگر کیا جائے گا۔ حکومت کی میعاد کا بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے پہلی بار شرکت کی۔ انہیں پارٹی کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز مجلس کا 21 مارچ کو رکن منتخب کیا گیا ہے۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا کہ ایک ہفتہ طویل ملک گیر احتجاجی پروگرام کا آئندہ پیر سے آغاز کیا جائے گا جس میں حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ نریندر مودی کو بی جے پی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا امیدوار ظاہر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے سماجی ذرائع ابلاغ کے عظیم تر استعمال پر زور دیا تاکہ عوام تک مؤثر رسائی خاص طور پر نوجوانوں تک حاصل کی جاسکیں۔ بورڈ کے سکریٹری اننت کمار نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یو پی اے کے 9 سالہ دوراقتدار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ حکومت تمام محاذوں بشمول قیمتوں میں اضافہ، داخلی اور خارجی صیانت اور معاشی صورتحال پرناکام ہوچکی ہے۔ بی جے پی 27مئی سے دو دن تک جیل بھرو پروگرام چلائے گی۔ اعلیٰ سطحی قائدین نے مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، دہلی اورجھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا جو جاریہ سال کے اواخر میں مقرر ہیں۔ راج ناتھ سنگھ کی جانب سے 19 مئی کو بی جے پی کے عہدیداروں نے ذمہ داریوں کی تقسیم کے بعد بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا یہ پہلا اجلاس تھا جس میں بی جے پی قومی عہدیداروں اور مجلس عاملہ کے اجلاس کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو 7 تا 9 جون مقرر ہے۔ امکان ہیکہ پارٹی قومی عاملہ کے اجلاس میں قراردادیں منظور کرے گی۔ سیاسی قرارداد میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، تحفظ اور سلامتی کو لاحق خطرات پر غور کیا جائے گا۔ معاشی قرارداد میں قیمتوں میں اضافہ اور دیگر مسائل پر اظہارخیال کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ کریں گے اور اس میں اڈوانی اور دیگر قائدین شرکت کریں گے۔ نریندر مودی نے کہا کہ گذشتہ 9 سال کے دوران یو پی اے حکومت کی ناکامیوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور عوام کو اس سے واقف کروایا جائے گا۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا سشماسوراج اور راجیہ سبھا ارون جیٹلی پریس کانفرنس سے کل خطاب کریں گے اور یو پی اے حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کریں گے۔ کل کانگریس زیرقیادت یو پی اے مخلوط حکومت کی نویں سالگرہ ہے۔ امکان ہیکہ بی جے پی یو پی اے کی دوسری میعاد کی حکومت کے رپورٹ کارڈ کے جواب میں اپنا ایک رپورٹ کارڈ بھی جاری کرے گی۔