نئی دہلی 3دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) بھارتیہ جنتا پارٹی نے اب ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کے گڑھ مغربی بنگال پر اپنی نظریں مرتکزکردی ہے اور اس کے لئے رتھ یاترا اور زوردار ریلیوں کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق، سال 2019 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بی جے پی ‘مشن مشرق ’میں لگ گئی ہے ۔ اسی کے تحت بی جے پی ترنمول کانگریس کو اسی کے گڑھ میں سخت ٹکر دینے کی منصوبہ سازی کر رہی ہے ۔ بی جے پی صدر امت شاہ پہلے ہی پارٹی کے لئے مغربی بنگال کی 42 لوک سبھا سیٹوں میں سے 22-23 سیٹیں حاصل کرنے کا ہدف مقرر کر چکے ہیں۔مغربی بنگال میں بی جے پی سات دسمبر کو مہینے بھر چلنے والی ‘لوک تنتر بچاؤ’ تھیم کے تحت رتھ یاترا کا آغاز کرے گی۔امیت شاہ ریاست میں تین رتھ یاترا کو ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔ ان میں سے پہلی سات دسمبر کو شمالی بنگال کے ضلع کوچ بھار سے ، دوسری نو دسمبر کو جنوبی بنگال کے گنگا ساگر سے اور تیسری 14 دسمبر کو ضلع بیربھوم میں تاراپیٹھ مندر سے شروع ہوں گی۔امیت شاہ کے علاوہ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، آسام کے وزیر اعلی سروانند سونوال مغربی بنگال کے ووٹروں کے ساتھ ‘این آرسی’ کے معاملہ پر اپنے تجربے کا اشتراک کریں گے ۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نریندر مودی کی بھی ریاست میں کئی ریلیاں ہونے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق آغاز میں مسٹر مودی کیلئے 24 دسمبر کو درگاپور میں، 28 دسمبر کو مالدہ میں، 05 جنوری کو شری رام پور میں ریلیوں کا پروگرام بنایا گیا تھا۔ وزیر اعظم کی عوامی ریلیوں کی تاریخوں اور عوامی جلسوں میں مختلف مسائل کے پیش نظر تبدیلی کی جا سکتی ہے ۔بی جے پی کی رتھ یاترا ریاست کے تمام 42 لوک سبھا حلقوں سے ہوکر گزرے گی۔بی جے پی کی آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ نے ٹویٹ کرکے کہا، "بی جے پی ریاست میں ایک ساتھ 7، 9 اور 11 دسمبر کو تین رتھ یاترائیں نکال کر پوری ریاست میں اپنی پہنچ بنائے گی۔ بی جے پی کی اعلی قیادت ان ریلیوں کی قیادت کرے گی۔ عوام کی جانب سے بی جے پی کو پہلے ہی بڑی حمایت مل رہی ہے اور اب یہ مغربی بنگال کو بچانے کا وقت ہے ’’۔پارٹی کے سینئر لیڈر اروند مینن ریاست میں پارٹی کی تیاریوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔