2019 ء میں ہار جائے تو تعجب نہیں ، سینئر کانگریس لیڈرگہلوٹ کا دعویٰ
جئے پور 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر اشوک گہلوٹ نے آج کہاکہ نریندر مودی حکومت کی مقبولیت کا گراف گھٹ چکا ہے اور اگر 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو کچھ تعجب نہیں ہوگا۔ وہ یہاں اپنی قیامگاہ پر پریس کانفرنس سے مخاطب تھے۔ سابق چیف منسٹر راجستھان نے کہاکہ ملک پر صرف دو چہرے حکمرانی کررہے ہیں اور وہ نریندر مودی اور امیت شاہ ہیں لیکن اِس میں تعجب نہیں ہوگا اگر اُنھیں 2019 ء کے عام چناؤ میں شکست فاش ہوجاتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی بھی اچھی طرح جانتی ہے کہ راجستھان میں اُسے آنے والے ریاستی اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنا ہے، یہی وجہ ہے کہ صدر پارٹی امیت شاہ مودی کا نام استعمال کررہے ہیں اور چیف منسٹر وسندھرا راجے کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ گہلوٹ نے کہاکہ بی جے پی کو سمجھ آچکا ہے کہ وسندھرا راجے کے نام پر ووٹ مانگنا صرف شکست کا موجب بنے گا اِس لئے وہ مودی کے نام پر ووٹ طلب کررہے ہیں لیکن وقت گزر چکا ہے۔ مودی حکومت کی مقبولیت کا گراف تیزی سے نیچے آچکا ہے۔ جو کچھ امیت شاہ اور وسندھرا راجے کہہ رہے ہیں جھوٹ کا پلندہ ہے اور عوام اِسے خوب جانتے ہیں۔