بی جے پی کی معمولی مسئلوں میں مبالغہ آمیزی : اکھیلیش

لکھنؤ ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں بی جے پی پر تشدد کے معمولی واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر اکھیلیش یادو نے آج کہا کہ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور حکومت تمام شرپسندوں پر قریبی نظر رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ پولیس اسٹیشن کے نزدیک کھڑے رہتے ہیں اور جیسے ہی انہیں کوئی متنازعہ مسئلہ کی اطلاع ملتی ہے خواہ کسی گاؤں سے بھی تعلق رکھتا ہو، یہ لوگ آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں اور ایسا ظاہر کرتے ہیں کہ پوری ریاست میں لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ بگڑ چکا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریاست میں نظم و نسق کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ تاہم جہاں کہیں کوئی مسئلہ پیدا ہوتا ہے اس کے خلاف فوری ایکشن لیا جارہا ہے۔ ہم ایسے شرپسندوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں جو شرپسندی میں ملوث ہیں۔ برسراقتدار جماعت ایس پی نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں ان کی حکومت کو بدنام کرنے کیلئے لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ اٹھاتی رہتی ہیں۔