بی جے پی کی ’جھوٹ فیکٹری‘ نے دوبارہ کام شروع کردیا

جھوٹی کہانیوں کا سہارا
نئی دہلی 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بی جے پی کی ’جھوٹ فیکٹری‘ دوبارہ اپنا کام شروع کرچکی ہے اور کیمبرج انالیٹکا پر ایک میڈیا کہانی گھڑتے ہوئے جھوٹی خبر کے ذریعہ کانگریس کو سبوتاج کررہی ہے حالانکہ وہ (بی جے پی) خود ڈاٹا فراہم کرنے والے ادارہ کے ساتھ کام کررہی ہے۔ راہول گاندھی نے اس مسئلہ کو کل جہاں چھوڑا تھا آج وہیں سے شروع کرتے ہوئے بی جے پی پر پھر ایک مرتبہ الزام عائد کیاکہ وہ کانگریس پر فیس بُک سے ڈیٹا چوری کرنے والے متنازعہ ادارہ کے ساتھ کام کرنے کانگریس کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے اصل سچ اور حقیقی خبر کو ہی غائب کررہی ہے۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’بی جے پی جھوٹ کی فیکٹری ہے : جرنلسٹ کیمبرج انالیٹکا کی مداخلت اور کانگریس کو سبوتاج کرنے بھاری رقم کے استعمال پر جرنلسٹ ایک بڑی کہانی بنارہے تھے لیکن بی جے پی نے 2012 ء میں ایک کابینی وزیر کو دروغ گوئی اور یہ جھوٹی خبر گھڑنے کیلئے چھوڑ دیا تھا : کانگریس سی اے (کیمبرج انالیٹکا) کے ساتھ کام کررہی ہے جبکہ اصل کہانی خبر غائب کردی گئی‘‘۔ راہول نے ایک اور میڈیا رپورٹ منسلک کی جس کی سرخی ’’نگران ادارہ نے کیمبرج انالیٹکا کے ہندوستانی رابطہ کا انکشاف کیا‘‘ ہے۔ کانگریس اور بی جے پی اس مسئلہ پر تنقیدوں کے تبادلے میں مصروف ہیں۔ ان دونوں جماعتوں نے گزشتہ انتخابات میں اس متنازعہ ڈیٹا ادارہ کی خدمات کا استعمال کرنے ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیاکہ حکومت اس ضمن میں میڈیا سے ساز باز کررہی ہے اور بالخصوص عراق میں 39 ہندوستانی یرغمالیوں کی اموات کے مسئلہ سے توجہ ہٹانے کے لئے مرکزی حکومت نئی سرخیوں کا انتظام کررہی ہے۔