ممبئی 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں بلدی چناؤ تنہا لڑنے کا فیصلہ کرنے کے بعد شیوسینا نے آج بی جے پی پر کرارا حملہ چھیڑتے ہوئے کہاکہ اِسے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اِس نے ہندوتوا اور مہاراشٹرا کے مفادات کی خاطر زعفرانی پارٹی کے ساتھ اتحاد میں ربع صدی ضائع کردی۔ سینا نے یہ الزام بھی عائد کیاکہ اپنے سیکولر خاصیتوں کو نمایاں کرنے کی غیر واجبی کوشش کررہی ہے اور کہاکہ وہ اپنے مقصد کی تکمیل کے لئے چھترپتی شیواجی اور لوک مانیا تلک کو قوم دشمن قرار دینے سے تک گریز نہیں کرے گی۔ پارٹی ترجمان ’سامنا‘ کے اداریہ میں کہا گیا کہ شیوسینا کو گزشتہ 25 سال ضائع ہوجانے کا احساس ہورہا ہے جس میں پارٹی نے ہندوتوا اور ریاست کی بھلائی کی خاطر سیاسی اتحاد برقرار رکھا۔ لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ طویل وقت ضائع ہوگیا۔ جو کچھ 25 سال قبل ہوسکتا تھا آج ہورہا ہے۔ ریاست کو اب 25 سال میں پہلی مرتبہ تازگی کا احساس ہوگا کیوں کہ ہندوتوا کا طوق آخرکار نکال دیا گیا ہے۔ بی جے پی کے ساتھ اتحاد 2014 ء کے اسمبلی چناؤ میں ہی ختم ہوگیاتھا جو کچھ باقی رہا وہ ہندوتوا اور مہاراشٹرا کے لئے رشتہ تھا لیکن بی جے پی نے اپنے ناپاک ارادوں کے ذریعہ اُسے بھی ختم کردیا ہے۔