بی جے پی کو یوپی میںقیمت چکانی پڑے گی : کجریوال

میرٹھ ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرنسی بند کرنے کی وجہ سے عوام کو جو ’’تکلیف‘‘ پہنچی اس کی قیمت بی جے پی کو مجوزہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں چکانی پڑے گی۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے یہ بات کہی اور مرکز میں حکمراں جماعت کو ملک بھر میں بے نقاب کرنے کا عہد کیا۔ یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کے ارادے عوام کی بہبود کے ہوتے تو وہ اپنے دوست صنعتکاروں کا قرض معاف کرنے کی بجائے غریب کسانوں کا قرض معاف کرتی۔ ان کی تقریباً نصف گھنٹہ تقریر کے دوران ہجوم بار بار کرنسی پر امتناع کے پس پردہ سچائی بیان کرنے کیلئے اصرار کررہا تھا جس پر کجریوال نے کہا کہ یہ ایک ’’سازش‘‘ اور ’’اسکام‘‘ ہے جس کا مقصد کارپوریٹ اداروں کو فائدہ پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی محض اترپردیش کے عوام کی وجہ سے وزیراعظم بنے جنہوں نے انتخابات میں 80 کے منجملہ 73 نشستوں پر کامیابی دلائی ۔ اب یہی عوام کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی لوگوں نے ان سے کہا ہیکہ وہ بینکوں اور اے ٹی ایمس پر طویل قطاروں میں ٹھہرے رہنے کے ایک ایک منٹ کا بدلہ لیں گے۔