بی جے پی کو لوک سبھا میں الجھن ، حکمراں جماعت کے 12 ارکان کی اپنی ہی حکومت کے خلاف رائے دہی

نئی دہلی ۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کو لوک سبھا میں آج اس وقت سخت الجھن و پشیمانی کا سامنا کرنا پڑا جب جی ایس ٹی بل کے ایک فقرہ پر ووٹنگ کے موقع پر بی جے پی کے 12 ارکان نے سبز بٹن دباتے ہوئے تائید کرنے کے بجائے سرخ بٹن دباتے ہوئے اس کے خلاف میں ووٹ دیدیا ۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے دستوری ترمیمی بل کے فقرہ دو میں ترمیم کیلئے رائے دہی کی ہدایت دی جس پر حکمراں جماعت کے 12 ارکان نے سبز کے بجائے سرخ بٹن دبادیا ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی جو اس بل کی منظوری کی کوشش میںسب سے آگے تھے اس واقعہ پر عملاً برہم ہوگئے اور مملکتی وزیر پارلیمانی اُمور راجیو پرتاپ روڈی سے بات چیت کرتے دیکھے گئے ۔ بعد ازاں روڈی نے ان ارکان سے بات چیت کی جنہوں نے خود اپنی ہی حکومت کے بل کے خلاف ووٹ دیا تھا ۔ روڈی نے جو اپنے ساتھی ارکان کی لغزش پر الجھے ہوئے تھے انہیں الیکٹرانک ووٹنگ میکانزم کے بارے میں سمجھایا ۔ اس موقعہ پر اپوزیشن ارکان بہت خوشی کے ساتھ صورتحال کا مزہ لے رہے تھے ۔ تاہم اسپیکر نے رائے دہی کی اجازت دی اور بل کی تائید میں محصلہ ووٹوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔