نئی دہلی ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج بی جے پی کو مشورہ دیا کہ وہ خوداحتسابی کرے اور بڑوں کا احترام کرے۔ علاوہ ازیں کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ عمر رسیدہ کہنہ مشق قائدین ایل کے اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی کی برسرعام تحقیر کررہے ہیں۔ چند گھنٹے قبل ہی امیت شاہ نے راہول گاندھی پر تنقید کی تھی۔ اس کے جواب میں وار کرتے ہوئے کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج رندیپ سرجے والا نے ایک پریس کانفرنس میں برسراقتدار بی جے پی کو کانگریس کی جانب سے یہ مشورہ دیا۔ بی جے پی کی قومی عاملہ کا اجلاس بنگلور میں ہورہا ہے جس میں قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس کو مشورہ دیا تھا کہ ان کا پتہ چلائے اور حکومت کی غیرموجود خامیاں تلاش کرنے کی کوشش نہ کریں۔ اس پر کانگریس نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ اڈوانی دو روزہ اجلاس سے خطاب کرینگے یا نہیں اس کا راست جواب دیا جائے۔