بی جے پی کو این سی پی کی تائید کا مقصد

ممبئی۔ 21 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں بی جے پی بیرونی تائید فراہم کرنے کے این سی پی کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے شیوسینا نے کہا کہ شرد پوار زیرقیادت این سی پی نے یہ پیشکش اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کیا ہے کہ اس کے ’’اسکامس سے داغدار‘‘ قائدین کو بھرپور تحفظ فراہم کرنا ہے۔ کل تک بی جے پی ایک فرقہ پرست طاقت تھی اور اس کا ایسی پارٹی کے طور پر مذاق اُڑایا جاتا تھا جو چڈی پہننے والوں پر مشتمل ہے۔ ہندوتوا کی توہین اور سنگھ پریوار کے چڈی پہننے کے فرمان کا مذاق اُڑانے والی این سی پی اب درحقیقت مہاراشٹرا کو استحکام فراہم کرنے کے بارے میں فکرمند ہوگئی ہے۔ ان کا مقصد صرف اپنے بدعنوان قائدین کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس کی فکر صرف یہ ہے کہ کہیں ان کے کالے کارنامے عوام کے سامنے نہ آجائیں۔ پارٹی کے ترجمان ’’سامنا‘‘ ایک اداریہ میں شیوسینا، این سی پی قائد پرافل پٹیل کو موقع پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی اپوزیشن قائد مقرر کرنے کی بھی اہل قرار نہیں پائی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے این سی پی کے خلاف شدت سے مہم چلائی تھی اور اسے ’’فطری طور پر بدعنوان‘‘ پارٹی قرار دیا تھا جس نے مہاراشٹرا کو لوٹ لیا۔ بی جے پی قائد ونود تاؤڑے نے دھمکی دی تھی کہ تمام اسکامس بے نقاب کیا جائیں گے اور بدعنوان قائدین کو جیل بھیج دیا جائے گا۔ اب یہی پارٹی موقع پرستی کا بھرپور مظاہرہ کررہی ہے۔