زعفرانی جماعت کو دلتوں اور مسلمانوں میں اپنا امیج بدلنا ہوگا : پاسوان
نئی دہلی ۔ یکم اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کی حکمراں جماعت بی جے پی اپنی مخالف مسلم اور دلت شبیہ بدلنے کیلئے جدوجہد کررہی ہے کہ اس دوران بی جے پی کی ایک حلیف جماعت ایل جے پی کے دلت سربراہ رام ولاس پاسوان نے اندیشہ ظاہر کیا کہ بی جے پی کی مسلم دشمن اور دلت دشمن شبیہ آئندہ عام انتخابات میں اس کو بھاری نقصان پہنچا سکتی ہے ۔ مودی کی ہندو قوم پرست بی جے پی 2014ء کے عام انتخابات میں اپوزیشن کو بدترین ہزیمت سے دوچار کرتے ہوئے فتح حاصل کی تھی لیکن حالیہ ضمنی انتخابات میں محض مخالف مسلم امیج کے سبب بی جے پی متحدہ اپوزیشن کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے ۔ سرکردہ دلت سیاستداں اور مرکرزی وزیر رام ولاس پاسوان نے جن کی لوک جن شکتی پارٹی مودی کی بی جے پی کی حلیف ہے انہوں نے مودی کے لئے ایک اور میعاد کی پیش قیاسی تو کی ہے لیکن کہا ہے کہ بی جے پی کو اپنی مخالف مسلم اور مخالف دلت امیج بدلنا ہوگا ۔ پاسوان نے کہا کہ بی جے پی کو اپنے بارے میں پائی جانے والے یہ عام تاثر بھی تبدیل کرنا ہوگا کہ وہ صرف اعلیٰ ذات کے ہندوؤں کے لئے ہی کام کرتی ہے ۔ پاسوان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’ حکومت جو کچھ بھی کررہی ہے وہ سب کیلئے ہے ‘ حتی کہ اقلیتی طبقہ کیلئے بھی اس نے بہت کچھ کیا ہے ‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ سب کچھ کرنے کے باوجود اقلیتوں اور پسماندہ طبقات میں اس ( بی جے پی ) کے بارے میں عام خیال نہیں بدلا ہے ‘‘ ۔ ہندوستان کی 1.3 آبادی میں 80فیصد ہندو اور 14فیصد مسلمان ہیں ۔ہندوؤں میں تین چوتھائی آبادی دلتوں کی ہے ۔