بی جے پی کو انتخابات کے وقت ہی کسان یاد آتے: گہلوٹ

جے پور۔25 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ نے مرکزی حکومت کی کسانوں کے لئے چلائی جارہی اسکیموں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات آتے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو کسان یاد آتے ہیں۔گہلوٹ نے آج یہاں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے کہا کہ مودی حکومت کسانوں کے لئے چھ ہزار روپے کی اسکیم لاکر انتخابات جیتنے کی کوشش کررہی ہے، اس کے کیا معنی ہیں، چھ ہزار کا کیا مطلب،اس سے زیادہ تو ہم نے پنشن شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کا بھلاکرنا ہے تو ان کا قرض معاف کیا جائے۔ گہلوٹ نے کہا کہ ہم نے کسانوں کے دو لاکھ روپے کے قرض معاف کئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں کوآپریٹیو اور گرامین بینکوں کے قرض معاف کئے گئے ہیں، اگلے مرحلے میں قومی بینکوں سے بات چیت کی جارہی ہے، جس سے کسان اپنی رہن رکھی زمین بازیاب کرواسکیں۔ گہلوٹ نے مرکزی حکومت کو ہرشعبہ میں ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں آج نفرت کا ماحول بنایا جارہا ہے۔